نئی دہلی، 7 ؍نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )عصمت دری کے الزامات میں گرفتار دہلی کے برخاست وزیر سندیپ کمارکودہلی کی ایک عدالت نے ضمانت دے دی۔عدالت نے انہیں ہدایت دی کہ وہ ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کریں۔خصوصی جج پونم چودھری نے آپ ممبر اسمبلی کوایک لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے اور اتنی ہی رقم کی ضمانت کی رقم پرضمانت دے دی۔عدالت نے کمار کو ہدایت دی کہ وہ اپناپاسپورٹ جمع کریں اور گواہوں کو متاثر نہ کریں۔انہیں تین ستمبرکوگرفتارکیاگیاتھااور اس کے بعد سے وہ حراست میں تھے۔کمار نے اس بنیاد پر ضمانت کی مانگ کی تھی کہ معاملے کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں اور ان سے حراست میں پوچھ گچھ کرنے کی اور ضرورت نہیں ہے۔پولیس نے ان کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کی تھی۔انہوں نے کہا تھا کہ وہ متاثر کن شخصیت ہیں اور تحقیقات کو متاثر کر سکتے ہیں۔پولیس نے دعویٰ کیاتھاکہ متاثرہ اسی علاقے میں رہتی ہے جس کی کمار نمائندگی کرتے ہیں اور اگر انہیں جیل سے رہاکیا جاتا ہے تو وہ ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر سکتے ہیں۔کمار نے راحت کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ دو ماہ سے حراست میں ہیں اور ایف آئی آر درج کئے جانے کے وقت سے ان کا طرز عمل صحیح رہا ہے اورانہوں نے خودپولیس کے سامنے سرینڈرکیاتھا۔